Masood InsightMasood Insight

اللہ کی اپنے بندو ں کو نصیحت

اللہ کی اپنے بندو ں کو نصیحت

مُؤَلِّف : ڈاکٹر مسعود طارق
اے میرے بندو ! جو ایمان لائے ہو بیشک میری زمین بہت وسیع ہے لہٰذا تم صرف میری ہی عبادت کرو۔ (56-29) ہر نفس کو موت کا ذائقہ چکھنا ہے پھر تم ہماری طرف ہی واپس لائے جاؤ گے۔ (57-29) اور وہ لوگ جو ایمان لائے اور انہوں نے صالح عمل کیے ان کو ہم الْجَنَّةِ میں محلوں کے اندر جگہ دیں گے۔ ان کے نیچے نہریں بہہ رہی ہیں وہ اس میں ہمیشہ رہیں گے۔ عمل کرنے والوں کے لیے کیا ہی اچھا اجر ہے۔ (58-29) یہ وہ لوگ ہیں جو صبر کرتے ہیں اور اپنے رب پر توکل کرتے ہیں۔ (59-29) کہو کہ اے میرے بندو ! جو ایمان لائے ہو اپنے رب سے ڈرتے رہو۔ جنہوں نے اس دنیا میں احسن کام کیے ان کے لیے حَسَنَةٌ ہے اور الله کی زمین بہت وسیع ہے۔ جنہوں نے صبر کیا ان لوگوں کو بے حساب اجر دیا جائے گا۔ (10-39) کہو کہ مجھے حکم دیا گیا ہے کہ میں الله کی عبادت اس کے دین کے مطابق مخلص ہو کر کروں۔ (11-39) اور یہ بھی حکم دیا گیا ہے کہ میں سب سے پہلے مسلمان ہوں۔ (12-39) کہو کہ اگر میں نے اپنے رب کی نافرمانی کی تو مجھے بڑے دن کے عذاب کا خوف ہے۔ (13-39) کہو کہ میں تو اللہ کی عبادت اس کے دین کے مطابق مخلص ہوکر کرتا ہوں۔ (14-39) سو تم اس کے سوا جس کی چاہو عبادت کرتے رہو۔ کہو کہ بلاشبہ خسارے والے وہی لوگ ہیں جنہوں نے اپنے نفس کو اور اپنے گھر والوں کو قیامت کے دن خسارے میں ڈالا۔ یہی الْخُسْرَانُ الْمُبِينُ ہے۔ (15-39) ان کے اوپر چھائے ہوئے ہوں گے سائبان اور ان کے نیچے بھی ہوں گے سائبان آگ کے۔ یہ ہے وہ جس سے اللہ اپنے بندوں کو خوف دلاتا ہے۔ (16-39)
اے میرے بندو ! مجھ سے ڈرتے رہو۔ (16-39) وہ لوگ جنہوں نے الطَّاغُوتَ کی عبادت کرنے سے اجتناب کیا اور الله کی طرف رجوع کیا ان کے لیے بشارت ہے۔ سو میرے بندوں کو بشارت سنا دو۔ (17-39) جو بات کو غور سے سنتے ہیں پھر اس کے بہترین پہلو کی پیروی کرتے ہیں۔ یہی وہ لوگ ہیں جن کو الله نے ہدایت دی ہے اور یہی أُوْلُوا الْأَلْبَابِ ہیں۔ (18-39) کہو کہ اے میرے بندو ! جنہوں نے اپنے نفسوں پر زیادتی کی ہے الله کی رحمت سے مایوس نہ ہونا۔ الله سارے گناہ معاف کردیتا ہے۔ وہ تو الْغَفُورُ الرَّحِيمُ ہے۔ (53-39) اور اپنے رب کی طرف پلٹ آؤ اور اس کے فرمانبردار ہوجاؤ اس سے پہلے کہ تم پر عذاب آجائے پھر تمہیں مدد نہیں ملے گی۔ (54-39) اور پیروی اختیار کرلو اس احسن کی جو تمہاری طرف تمہارے رب کی طرف سے نازل کیا گیا ہے اس سے پہلے کہ تم پر اچانک عذاب آپڑے اور تمہیں شعور ہی نہ ہو۔ (55-39) اس لیے تمہارا نفس کہے کہ ان کوتاہیوں پر افسوس ہے جو میں الله کی جناب میں کرتا رہا اور میں بھی مذاق اڑانے والوں میں سے تھا۔ (56-39) یا کوئی کہے کہ اگر الله نے مجھے ہدایت دی ہوتی تو میں بھی الْمُتَّقِينَ میں ہوتا۔ (57-39) یا جب عذاب دیکھے تو کہے کہ کاش ! کسی طرح مجھے پھر سے موقع مل جائے اور میں الْمُحْسِنِينَ میں ہوجاؤں۔ (58-39) ہاں ! جب میری آیات تیرے پاس آئی تھیں تو نے ان کو جھٹلایا اور تکبر کیا اور تو الْكَافِرِينَ میں سے تھا۔ (59-39) اور قیامت کے دن تم ان لوگوں کو دیکھو گے جنہوں نے اللہ پر جھوٹ باندھے کہ ان کے منہ سیاہ ہوں گے۔ کیا مُتَكَبِّرِينَ کے لیے جہنم میں ٹھکانا نہیں ہے؟ (60-39) اور اللہ ان لوگوں کو جنہوں نے تقویٰ اختیار کیا ان کو ان کے کامرانی کے مقام میں پہنچا کر نجات دے گا جہاں نہ انہیں کوئی تکلیف پہنچے گی اور نہ وہ غمگین ہوں گے۔ (61-39)
اے میرے بندو ! آج کے دن تمہارے لیے نہ کوئی خوف ہے اور نہ تم غمگین ہوگے۔ (68-43) یہ وہ ہیں جو ہماری آیات پر ایمان لائے اور مسلمان بن کر رہے۔ (69-43) تم اور تمہاری بیویاں بھی جنت میں داخل ہوجاؤ تمہیں خوش کردیا جائے گا۔ (70-43) ان پر سونے کے تھال گردش کرائے جائیں گے اور پیالوں کا دور چلے گا اور وہاں وہ چیزیں ہوں گی جو نفس کو لذت دیتی ہیں اور آنکھوں کو بھاتی ہیں اور تم اس میں ہمیشہ رہو گے۔ (71-43) اور یہ وہ جنت ہے جس کا تمہیں ان اعمال کے بدلے میں وارث بنایا گیا ہے جو تم کرتے رہے۔ (72-43) اس میں تمہارے لیے بہت سے میوے ہیں جن میں سے تم کھاؤ گے۔ (73-43) وہ جو مجرم ہیں وہ ہمیشہ جَهَنَّمَ کے عذاب میں رہیں گے (74-43) جو ان سے ہلکا نہ کیا جائے گا اور وہ اس میں مایوس ہو کر پڑے رہیں گے۔ (75-43) اور ہم نے ان پر ظلم نہیں کیا۔ بلکہ وہ خود ہی اپنے اوپر ظلم کرتے تھے۔ (76-43) اور کہیں گے کہ اے مالک ! کیا اچھا ہو کہ تمہارا رب ہمیں ختم کر دے۔ وہ کہے گا کہ تم ہمیشہ اسی حالت میں رہو گے۔ (77-43)

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *