Masood InsightMasood Insight

رزق کون دیتا ہے؟

رزق کون دیتا ہے؟

مُؤَلِّف : ڈاکٹر مسعود طارق

زمین پر جانداروں میں سے جو بھی ہے اس کا رزق الله کے ذمہ ہے وہ اس کے رہنے کی جگہ اور اس کے سونپے جانے کی جگہ کا علم رکھتا ہے۔ یہ سب کچھ كِتَابٍ مُّبِين میں ہے۔ (6-11) بھلا جس نے تخلیق کیا اسے علم نہیں ہے؟ حالانکہ وہ تو اللَّطِيفُ الْخَبِير ہے۔ (14-67) وہی تو ہے جس نے تمہارے لیے زمین کو نرم کیا سو اس کی راہوں میں چلو پھرو اور اس کے دیے ہوئے رزق میں سے کھاؤ اور تمہیں اسی کے پاس دوبارہ اٹھ کر جانا ہے۔ (15-67)

ہم نے زمین کو پھیلایا ہے اور اس میں پہاڑوں کے لنگر ڈالے ہیں اور ہم نے ہر ایک چیز اس میں مناسب مقدار میں اگائی (19-15) اور ہم نے تمہارے لیے اس میں معاش کے اسباب فراہم کیے اور ان لوگوں کے لیے بھی جن کے تم رزاق نہیں ہو۔ (20-15) ہمارے پاس ہر چیز کے خزانے ہیں اور ہم ان کو مناسب مقدار میں نازل کرتے رہتے ہیں (21-15) اور ہم ہواؤں کو لدا ہوا بھیجتے ہیں پھر ہم آسمان سے پانی نازل کرتے ہیں اور ہم اس سے تم کو سیراب کرتے ہیں ورنہ تم تو اس کا خزانہ نہیں رکھتے۔ (22-15)

الله ہی تو ہے جس نے آسمانوں اور زمین کو تخلیق کیا اور آسمان سے پانی برسایا پھر اس سے تمہارے رزق کے لیے کھانے کی چیزیں نکالیں اور تمہارے لیے کشتیاں مسخر کیں تاکہ اس کے حکم سے دریا میں چلیں اور تمہارے لیے نہروں کو مسخر کیا (32-14) اور تمہارے لیے سورج اور چاند کو مسخر کیا جو ایک دستور پر چل رہے ہیں اور تمہارے لیے رات اور دن کو مسخر کیا۔ (33-14)

تمہارا رزق آسمان میں ہے اور وہ بھی جس کا تم سے وعدہ کیا جارہا ہے۔ (22-51) اور بہت سے جانور ہیں جو اپنا رزق اُٹھائے نہیں پھرتے الله ہی ان کو رزق دیتا ہے اور تمہیں بھی اور وہ السَّمِيعُ الْعَلِيم ہے۔ وہی تو ہے جو تمہیں اپنی نشانیاں دکھاتا ہے اور تمہارے لیے آسمان سے رزق نازل کرتا ہے لیکن نصیحت تو وہی حاصل کرتا ہے جو اس کی طرف رجوع کرنے والا ہو۔ (13-40)

وہ تمہارے لیے تمہارے اپنے نفسوں میں سے ایک مثال بیان کرتا ہے کہ کیا تمہارے لیے تمہارے مَلَكَتْ أَيْمَانُكُم میں سے اس رزق میں کوئی ایسے شریک ہیں جو ہم نے تمہیں دیا ہے پھر تم اور وہ اس میں برابر ہوگئے ہوں اور تم ان سے خوف کرتے ہو جیسے تم اپنے نفسوں سے خوف کرتے ہو۔ اسی طرح ہم اپنی آیات کھول کھول کر بیان کرتے ہیں ان لوگوں کے لیے جو عقل سے کام لیتے ہیں۔ (28-30)

ہم نے بنی آدم پر کرم کیا اور انہیں خشکی میں اور دریا میں سواریاں دیں اور ان کو پاکیزہ چیزوں سے رزق دیا اور ان پر اپنا فضل کرکے اپنی بہت سی مخلوقات پر فضیلت دی۔ (70-17) اور جِنّوں اور انسانوں کو میں نے اس لیے تخلیق کیا ہے کہ صرف میری عبادت کریں۔(56-51) میرا ارادہ ان سے ان کے رزق میں سے لینے کا نہیں اور نہ میرا ارادہ ہے کہ وہ مجھے کھلائیں۔ (57-51) یقینا” الله ہی تو الرَّزَّاق اور زبردست قوت کا مالک ہے۔ (58-51)

الله ہی نے بنائیں تمہارے لیے تمہارے نفس میں سے بیویاں پھر بنائے تمہارے لیے تمہاری بیویوں میں سے بیٹے اور پوتے اور تمہیں طیب چیزوں میں سے رزق دیا۔ تو کیا پھر بھی یہ لوگ باطل پر ایمان لاتے ہیں اور الله کی نعمتوں کا کفر کرتے ہیں؟ (72-16)

الله ہی ہے جس نے تمہیں خلق کیا پھر تمہیں رزق دیا پھر تمہیں موت دے گا پھر تمہیں زندہ کرے گا۔ کیا تمہارے شریکوں میں سے کوئی ہے جو ان کاموں میں سے کوئی ایسا فعل کرتا ہو؟ اس کی ذات پاک ہے اور وہ بلند و برتر ہے ہر اس شرک سے جو یہ کرتے ہیں۔ (40-30)

الله کے سوا تم جن کی عبادت کرتے ہو وہ تو بت ہیں اور تم جھوٹ گھڑ رہے ہو۔ بلاشبہ جن کی تم اللہ کے سوا عبادت کرتے ہو وہ تمہیں رزق دینے کا اختیار نہیں رکھتے سو الله ہی سے رزق طلب کرو اور اسی کی عبادت کرو اور اسی کا شکر ادا کرو۔ اسی کی طرف تم لوٹ کر جاؤ گے- (17-29)

بھلا وہ کون ہے جو ابتدا کرتا ہے خلق کی پھر اس کو بار بار پیدا کرتا رہتا ہے؟ اور کون ہے جو تم کو آسمان سے اور زمین سے رزق دیتا ہے؟ کیا الله کے ساتھ کوئی اور معبود بھی ہے؟ کہو کہ اگر تم سچے ہو تو تم اپنی روشن دلیل پیش کرو۔(64-27)

بھلا وہ کون ہے جو تم کو رزق دے اگر وہ اپنا رزق روک لے؟ لیکن یہ سرکشی اور نفرت میں پھنسے ہوئے ہیں۔ (21-67) اور الله کے سوا ایسوں کو پوجتے ہیں جو آسمانوں سے اور زمین سے ان کو رزق دینے کا ذرا بھی اختیار نہیں رکھتے اور نہ کوئی قدرت رکھتے ہیں۔ (73-16)

تم اپنی اولاد کو مفلسی کے ڈر سے قتل نہ کرنا۔ ہم انہیں بھی رزق دیتے ہیں اور تمہیں بھی۔ کچھ شک نہیں کہ ان کا قتل کرنا خِطْءً كَبِير ہے۔ (31-17) یقینا” وہ لوگ خسارے میں پڑ گئے جنہوں نے علم نہ ہونے کی وجہ سے اپنی اولاد کو بیوقوفی سے قتل کیا اور اس رزق کو جو ان کو الله نے دیا اللہ پر افترا کر کے حرام ٹھہرایا۔ بیشک وہ گمراہ ہوگئے اور وہ ہرگز ہدایت یافتہ نہیں ہیں۔ (140-6)

وہ لوگ جنہوں نے الله کی راہ میں ہجرت کی پھر قتل ہوئے یا مر گئے۔ ان کو الله رزق دے گا رِزْقًا حَسَنًا۔ اور بیشک الله ہی خَيْرُ الرَّازِقِين ہے۔ (58-22) وہ ان کو ایسے مقام میں داخل کرے گا جسے وہ پسند کریں گے اور الله تو َعَلِيمٌ حَلِيم ہے۔ (59-22)

ان کو ہرگز مرے ہوئے نہ سمجھنا جو لوگ الله کی راہ میں قتل ہوئے ہیں بلکہ وہ اپنے رب کے پاس زندہ ہیں اور ان کو رزق مل رہا ہے۔(169-3) جو الله نے ان کو اپنے فضل سے عطا فرمایا ہے اس پر خوش ہیں اور ان لوگوں کے بارے میں مطمئن ہیں جو ان کے پچھلوں میں سے ابھی ان کے پاس نہیں پہنچے اس بنا پر کہ ان کے لیے نہ کوئی خوف ہے اور نہ وہ غمگین ہوتے ہیں۔ (170-3) اور الله کی طرف سے دی گئی نعمتوں اور اس کے فضل سے مطمئن ہیں اور اس سے کہ الله مومنوں کا اجر ضائع نہیں کرتا۔ (171-3) جنہوں نے تکلیفیں اٹھاکر اور مصیبتیں برداشت کرکے بھی الله اور رسول کے حکم کو قبول کرتے ہوئے احسن کام کیے اور تقویٰ اختیار کیا ان کے لیے أَجْرٌ عَظِيم ہے۔ (172-3)

الله ہی تو ہے جس نے زمین کو تمہارے لیے ٹھہرنے کی جگہ اور آسمان کو چھت بنایا اور تمہاری صورتیں بنائیں اور صورتیں بھی تمہاری بہت احسن بنائیں اور تمہیں طیب چیزوں میں سے رزق دیا۔ یہ ہے الله جو تمہارا رب ہے۔ پس بہت ہی بابرکت ہے اللہ جو رَبُّ الْعَالَمِين ہے۔(64-40) وہی ہمیشہ زندہ رہنے والا ہے سوائے اس کے کوئی معبود نہیں ہے لہٰذا تم اس کے دین کے مطابق مخلص ہوکر اسی کو پکارو۔ الله ہی کے لیے حمد ہے جو رَبِّ الْعَالَمِين ہے۔ (65-40)

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *