
مُؤَلِّف : ڈاکٹر مسعود طارق
وہ لوگ جو الله کی اور اس کے رسول کی مخالفت کرتے ہیں وہ ذلیل لوگوں میں سے ہیں۔ (20-58) الله نے لکھ دیا ہے کہ میں اور میرے رسول ضرور غالب آکر رہیں گے۔ بیشک الله قَوِيٌّ عَزِيز ہے۔ (21-58) وہ جو کہ اللہ پر اور آخرت کے دن پر ایمان رکھتے ہیں تم ان کو ان لوگوں سے محبت کرتے ہوئے نہیں پاؤ گے جنہوں نے مخالفت کی اللہ کی اور اس کے رسول کی اگرچہ وہ ان کے باپ یا ان کے بیٹے یا ان کے بھائی یا ان کے خاندان کے لوگ ہی ہوں۔ یہ وہ لوگ ہیں کہ ان کے دلوں میں الله نے ایمان تحریر کردیا ہے اور ان کی اپنی روح سے مدد کی ہے اور وہ انہیں ایسی جنّتوں میں داخل کرے گا کہ ان میں نہریں بہہ رہی ہیں ہمیشہ ان میں رہیں گے۔ الله ان سے راضی ہوا اور وہ اس سے راضی ہوئے۔ یہ لوگ حِزْبَ اللّه ہیں۔ سو یہ حِزْبَ اللّه ہی فلاح پانے والی ہے۔ (22-58)
تم اپنا چہرہ دینِ حنیفا کی سمت قائم رکھو۔ جو الله کی فطرت ہے اسی پر اُس نے انسانوں کی فطرت بنائی ہے۔ الله کی تخلیق کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا۔ یہی قائم رہنے والا دین ہے لیکن اکثر انسانوں کو علم نہیں ہے۔ (30-30) اُسی کی طرف رجوع کیے رہو اور اسی سے ڈرتے رہو اور صلاۃ قائم کرو اور تم الْمُشْرِكِين میں سے نہ ہو جانا۔ (31-30) ان میں سے جنہوں نے اپنے دین کو تقسیم کردیا اور فرقوں میں بٹ گئے۔ ہر جماعت اس پر اتراتی ہے جو اس کے پاس ہے۔ (32-30)
اے ایمان والو! تم میں سے کوئی اپنے دین سے پھرے گا تو پھر ان کی جگہ الله ایسے لوگوں کو لائے گا جو الله کو محبوب ہوں گے اور انہیں الله سے محبت ہوگی۔ وہ الْمُؤْمِنِين کے ساتھ نرمی اور الْكَافِرِين کے ساتھ سختی سے پیش آئیں گے۔ وہ الله کی راہ میں جدوجہد کریں گے اور کسی ملامت کرنے والے کی ملامت کا خوف نہیں کریں گے۔ یہ الله کا فضل ہے وہ جسے چاہتا ہے دیتا ہے اور الله وَاسِعٌ عَلِيم ہے۔ (54-5) تمہارا سرپرست تو بس الله ہے اور اس کا رسول ہے اور وہ لوگ ہیں جو ایمان لائے جو صلاۃ قائم کرتے ہیں اور زکوٰۃ دیتے ہیں اور وہ رَاكِعُون ہیں۔ (55-5) اور جو دیکھ بھال کرے گا الله کی اور اس کے رسول کی اور ان کی جو ایمان لائے تو وہ بھی حِزْبَ اللّه میں سے ہے اور وہ غلبہ پانے والی ہے۔(56-5)
Leave a Reply