Masood InsightMasood Insight

جن پر تیرا غضب ہوا (المَغضُوبِ عَلَيهِم)

مُؤَلِّف : ڈاکٹر مسعود طارق

وہ لوگ جو الله کے بارے میں حجت کرتے ہیں اس کے بعد بھی کہ اس کی دعوت پر لبیک کہا جاچکا ہے ان کے رب کے نزدیک ان کی حجت لغو ہے اور ان پر غضب ہے اور ان کے لیے عَذَابًا شَدِيد ہے۔ (16-42) جو شخص ایمان لانے کے بعد الله کے ساتھ کفر کرے سوائے اس شخص کے جو مجبور کردیا گیا ہو اور اس کا دل ایمان کے ساتھ مطمئن ہو اس کے برعکس جس نے دل کی رضامندی سے کفر کو قبول کرلیا تو ایسے لوگوں پر الله کا غضب ہے اور ان کے لیے عَذَابٌ عَظِيم ہے۔ (106-16)

اے لوگو جو ایمان لائے ہو ! ان لوگوں کی دیکھ بھال نہ کرو جن پر الله کا غضب ہے اس لیے وہ آخرت سے مایوس ہوگئے ہیں جیسے أَصْحَابِ الْقُبُور سے کافر مایوس ہوچکے ہیں۔ (13-60) کیا تم نے نہیں دیکھا ان کو جنہوں نے ایسے لوگوں کو دوست بنایا جن پر الله کا غضب ہے؟ وہ تم میں سے نہیں ہیں اور نہ ان میں سے اور جانتے بوجھتے جھوٹ پر قسمیں کھاتے ہیں۔ (14-58) الله نے ان کے لیے عَذَابًا شَدِيد مہیا کر رکھا ہے۔ یقینا” وہ عمل بہت ہی برے ہیں جو وہ کرتے ہیں۔ (15-58) انہوں نے اپنی قسموں کو ڈھال بنا رکھا ہے اور اس طرح وہ الله کی راہ سے روکتے ہیں اور ان کے لیے عَذَابٌ مُّهِين ہے۔ (16-58) ہر گز نہ بچا سکیں گے ان کے مال اور نہ ان کی اولاد انہیں الله سے ذرا بھی۔ یہ أَصْحَابُ النَّار ہیں جو اس میں ہمیشہ رہیں گے۔ (17-58)

اے لوگو جو ایمان لائے ہو ! جب میدان جنگ میں کافروں سے تمہار مقابلہ ہو تو تم ان کے سامنے پیٹھ نہ پھیرنا (15-8) اور جو ان کے سامنے اس دن پیٹھ پھیرے گا سوائے اس کے کہ جنگ کے لیے چال چلنا چاہتا ہو یا اپنی کسی دوسری فوج میں جا ملنا چاہتا ہو تو وہ گِھر جائے گا الله کے غضب میں اور اس کا ٹھکانا جَهَنَّم ہوگا اور وہ بہت ہی برا ٹھکانا ہے۔ (16-8) 

ہم نے جو پاکیزہ چیزیں تم کو عطا کی ہیں ان میں سے کھاؤ اور اس میں سرکشی نہ کرنا ورنہ تم پر میرا غضب ٹوٹ پڑے گا اور جس پر میرا غضب ٹوٹا وہ یقینا” ہلاک ہوگیا۔ (81-20) اور جو کوئی کسی مومن کو قصداً قتل کرے گا تو اس کی سزا جَهَنَّم ہے جس میں وہ ہمیشہ رہے گا اور اس پر الله کا غضب ہوگا اور اس پر لعنت ہوگی اور اس کے لیے عَذَابًا عَظِيم تیار کر رکھا ہے۔ (93-4)

الله ہی کے لیے حمد ہے جو رَبِّ الْعَالَمِين ہے (1-1) الرَّحْمـن ہے الرَّحِيم ہے (2-1) يَوْمِ الدِّين کا مالک ہے۔ (3-1) تیری ہی ہم عبادت کرتے ہیں اور تجھ سے ہی مدد مانگتے ہیں۔ (4-1) دکھا ہم کو سیدھا راستہ۔ (5-1) راستہ ان لوگوں کا جن پر تو نے نعمتیں کیں۔ (6-1) نہ وہ جن پر تیرا غضب ہوا اور نہ گمراہ لوگوں کا۔ (7-1) 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *